اسلام آباد: ہیلی کاپٹر حادثہ و شہداء سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کی تحقیقات کےقائم جوائنٹ انکوائری ٹیم کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی جانب سے تشکیل دی جانے والی چھ رکنی ٹیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
کمیٹی میں آئی ایس آئی کی جانب سے لیفٹیننٹ کرنل سعد اور انٹیلجنس بیورو سے ڈپٹی ڈائریکٹر وقار نثار نمائندگی کریں گے۔
ایف آئی اے و انٹیلجنس اداروں کی جے آئی ٹی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم محمد جعفر کی نگرانی میں تحقیقات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فوجی افسران کی شہادت سے متعلق پروپیگنڈا مہم، انکوائری کمیٹی تشکیل
ٹیم ہیلی کاپٹر حادثے و شہداء سے متعلق منفی ٹرینڈ چلانے والوں کا پتہ چلائے گی، جوائنٹ انکوائری ٹیم کی انکوائری کے بعد ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔