اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے 13 اگست کو ہونے والے جلسے کے مقام کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیاسی کمیٹی نے 13 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے بجائے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسے کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم اجلاس میں ارکان کی اکثریت نے اتفاق نہیں کیا۔
تحریک انصاف نے 75 ویں یوم آزادی کا جشن لاہور میں منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپ دیے ہیں۔
عمران خان نے جلسے کی کامیابی کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں کئی جلسے کر چکے، اب لاہور میں تاریخی جلسہ کرینگے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے لاہور کی تنظیموں کو اہم ٹاسک سونپ دیے ہیں، جن میں انہیں یوم آزادی کے جشن کی تیاریوں اور ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔