راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اے آروائی نیوز سچ کیساتھ کھڑا رہا عوام کو سچ پہنچاتا رہا ، قوم کی ترجمانی کرنے کا کریڈٹ اےآروائی نیوز کو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کے الزامات سے بری ہونے پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب عدلیہ نے ہی چلانا ہے کیونکہ ہر جگہ پارٹی بازی شروع ہوچکی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اےآروائی نیوز قوم کا ترجمان بن چکا ہے، اللہ عزت دینے پر آتا ہے تو کوئی طاقت نہیں روک سکتی، اےآروائی نیوز کو اللہ نے عزت دی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اے آروائی نیوز سچ کیساتھ کھڑا رہا عوام کو سچ پہنچاتا رہا، عدالت نے 22کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے، مبارکباددیتاہوں، قوم کی ترجمانی کرنے کا کریڈٹ اےآروائی نیوز کو جاتا ہے۔
موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیمرا امپورٹڈ حکمرانوں کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بن چکا ہے، لوگوں کے ہاتھ میں ریموٹ ہے وہ فیصلہ کرسکتے ہیں کون ترجمانی کررہاہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اے آر وائی نیوز دونوں طرف کا مؤقف پیش کرتا ہے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، اے آر وائی نیوز جیسے چینل بند کردیئے گئے تو لوگ کہیں اورغصہ نکالیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزرا ایک دوسرے کے گندے کپڑے ٹی وی پر دھورہےہیں، فیصلے کے تمام حق ہم عوام کو دینا چاہتے ہیں۔
عماد یوسف کی گرفتاری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عماد یوسف کے گھر پر حملہ کررہےہیں، آپ یہ کیا کررہے ؟ اےآروائی نیوز سچ دکھاتا ہے اور لوگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ حکومت والے عقل کی اندھے ہیں، جو چیز لوگوں کو نہیں بھی پتہ ہوتی حکومت والے اس کی پبلسٹی کردیتے ہیں، یہ حکومت میں جس مقصد کیلئے لائے گئے وہ پورا ہوچکا ہے، یہ 45دن میں کمبل چھوڑیں گے مگر کمبل ان کو نہیں چھوڑے گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ طاقت کے نشے میں ہے ، بال باؤنس ہوگی اور ان کے منہ پر جاکر لگے گی، آپ لوگوں کو پھر مجبور کررہےہیں کہ وہ خود سڑکوں پر آئیں۔