لاہور : تحریک انصاف کے رہنما محمودالرشید نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے میں پیش ہوکر نوٹس کا جواب جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے کی مانیٹرنگ ٹیم نے محمود الرشید سے ممنوعہ فنڈنگ پر تفتیش کی ، رہنما پی ٹی آئی نے ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دے دیا۔
میاں محمودالرشید نے کہا کہ 2008 اور 2009 میں لاہورمیں سستا تندور پروگرام شروع کیا تھا، اس کیلئے ہم نے ایک اکاؤنٹ کھولاجو پارٹی کے نام پر تھا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ لاہور کی مقامی پارٹی نے قرارداد پاس کرکے وہ اکاؤنٹ کھولا، اس اکاؤنٹ میں لوگوں نےڈونیشن جمع کرائی، جس کے بعد غریب لوگوں کو سستی روٹی فراہم کرنے کیلئے پروگرام شروع کیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غریب علاقوں اور کچی آبادیوں میں سستا تندور دیکر پذیرائی ملی ، چند دنوں بعد صوبائی حکومت اس پروگرام میں کود پڑی، لہذا جو تندور ہم نے کھولے تھے انہیں بند کر دیا گیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے کو کہا ہے کہ سوالنامہ دیاجائے، ہم بینک اکاؤنٹ کا مکمل ریکارڈ بھی اکٹھا کر رہےہیں، یہ منی لانڈرنگ نہیں لوگ تو اربوں روپے لیکر فرار ہوئے۔