اسلام آباد : پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط ہو گئے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے باب کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی ، وزیراعظم شہبازشریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان،ترکیہ میں تجارتی معاہدہ خوش آئند ہے، معاہدے سے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کی معیشت مستحکم ہوگی۔
شہباز شریف نے صدر طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے یہ معاہدہ طے پایا، معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے باب کھلیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے یہ معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا جو آج مکمل ہو گیا،یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے لا محدود وسائل کو اجاگر کرے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر عزم ہے، معاہدہ پانچ بلین ڈالر کے ابتدائی تجارتی ہدف کوحاصل کرنےمیں اہم ثابت ہوگا۔