بھارت کے شہر بنگلور کے ایئر پورٹ پر انتہائی حیران کن صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی کے آپس میں ایک دوسرے کو بھیجے گئے پیغامات کے باعث پرواز چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلور سے پرواز نے ممبئی کیلئے روانہ ہونا تھا جہاز میں سوار مسافر کی میسج پر اپنی محبوبہ سے ہونے والی گفتگو ساتھ بیٹھے مسافر نے پڑھ لی جو اسے مشتبہ گزری۔
اس نے یہ معاملہ جہاز کے عملے کے سامنے رکھا اور فوری طور پر جہاز میں سوار تمام مسافروں کو پرواز سے اتار کر جہاز کو بھر پور طریقے سے چیک کیا گیا۔
لڑکی بنگلور کے لیے اپنی فلائٹ کا انتظار کر رہی تھی کہ جبکہ نوجوان لڑکا ممبئی کی پرواز پر سوار ہو چکا تھا جو کہ اُڑنے کیلئے تیار تھی، دونوں ایک دوسرے کے دوست تھے وہ میسجز پر سیکیورٹی کے بارے میں بطور مزاح گفتگو کر رہے تھے سیٹ نمبر 14 بی پر بیٹھے مسافر نے اپنے ساتھ سیٹ نمبر 13 اے پر سوار مسافر کی اپنی لڑکی دوست سے کی جانے والی گفتگو پڑھ لی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو دوستوں کے درمیان ہونے والی مزاح پر مبنی پیغامات کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی مقدمہ درج کیا گیا اور انڈی گو کی فلائٹ کو روک دیا گیا۔
بعدازاں نوجوان کو جہاز میں چڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ کئی گھنٹوں تک اس سے سوالات جاری رہے جس کے باعث اس کی فلائٹ مس ہو گئی ۔چھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد جہاز اپنی منزل ممبئی کیلئے روانہ کیا گیا۔