بدھ, جنوری 1, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والے ایس ایچ او نوکری سے برخاست

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صوبائی وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والے ایس ایچ او کو برخاست کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ سب انسپکٹر عابد جٹ جس نے 25 مئی کو ایک نہتی اور پرامن خاتون پہ پستول تانا تھا، آج اسے نوکری سے برخاست کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے محکمانہ انکوائری کرکے ایس ایچ او کو نوکری سے برخاست کردیا ہے، انکوائری میں ثابت ہوا ہے کہ ایس ایچ او کو پستول تاننے کی کوئی ہدایت نہیں تھی۔

- Advertisement -

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ جنہوں نے زیادتیاں کی ہیں آئندہ چند دن میں ایسی اور بھی کارروائیاں ہونگی، پنجاب پولیس ایک پروفیشنل ادارہ ہے اور کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی وزیرداخلہ نے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں پر کہا کہ نواز شریف واپس آتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، نواز شریف علاج کیلئے ضمانت دے کر بیرون ملک گئے تھے، نوازشریف نے علاج کرایا یا نہیں الگ معاملہ ہے لیکن قانون سب کیلئے ایک ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کی باریاں لگی ہوئی تھیں اب وہ حالات نہیں ہیں، ن لیگ نے جو کرنا تھا کرلیا اب وہ تاریخ کا حصہ بن رہے ہیں،

صوبائی وزیرداخلہ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق خبروں پر کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ سزا یافتہ واپس آکر سیاست کرے اور عمران خان نااہل ہوں، عمران خان کو نااہل کس بنیاد پر کیا جائے گا، انہوں نے ایسا کیا جرم کیا ہے جو انہیں نااہل کیا جائے گا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ سزا یافتہ واپس آکر سیاست کرے اور عمران خان نااہل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں نااہل کرنے کے فیصلے پر قوم بالکل تیار نہیں ہوگی، ہمیں اشتعال دلانے کی ہر کوشش کی جارہی ہے، عمران خان کے علاوہ کسی کو اپنا لیڈر نہیں مانتے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا 25 مئی واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا فیصلہ

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جس نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کیخلاف کارروائی ہوگی، اطلاعات ہیں عطاتارڑ نے پولیس کو زائد المعیاد آنسو گیس شیلنگ کا حکم دیا۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عطا تارڑ سے یہ ہی پوچھنا تھا کہ انہوں نے حکم دیا ہے یا نہیں، عطا تارڑ نے حکم نہیں دیا تو بےشک وہ اپنے گھر آرام سے آئیں جائیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کرونگا جو قصوروار ہوگا کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں