روٹرڈیم: پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دو طرفہ ون ڈے کرکٹ سیریز آج (منگل) سے روٹرڈیم میں شروع ہوگی۔
سیریز پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر نشر ہوگی، کرکٹ سیریز اے آر وائی زیپ پر بھی دیکھی جا سکے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ 2 میچز 18 اور 21 اگست کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
پاکستان کے اہم فاسٹ بولر نیدرلینڈ کیخلاف دو میچز سے باہر
بابر اعظم کی زیر قیادت قومی کرکٹ ٹیم اگر اس سیریز میں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے، تو وہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔
دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کر دیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔
اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔
گو کہ اس سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی تاہم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔
روٹرڈیم میں موجود قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز شیڈیم کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، پیر کو بارش کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل صرف بیٹرز نے انڈور پریکٹس کی۔
قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔