اسلام آباد: اٹک آئل ریفائنری کے مکمل طور پر بند ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے باعث ریفائنری نے اوگرا سے مدد طلب کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹک آئل ریفائنری نے صورتحال پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا )کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تیل کمپنیاں پٹرولیم مصنوعات بالخصوص ڈیزل بہت کم اٹھارہی ہیں، اوگرا تیل کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ سپلائی کیلئے ہدایات جاری کرے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک زیادہ جمع ہوگیا ہے، اگر تیل کمپنیوں نے اسٹاک نہ اٹھایا تو موجودہ صورتحال برقرار رہنے پر ریفائنری مکمل بند کرنا پڑے گی
اٹک ریفائنری کا کہنا ہے کہ تیل کی فراہمی بند ہونے سے گیس کی پیداوار بھی متاثر ہوگی، اوگرا معاملے میں فوری مداخلت کرے اور تیل کمپنیوں کو ہدایات جاری کرے۔
خیال رہے کہ اٹک ریفائنری سے اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت اہم اداروں کو تیل فراہم کیا جاتا ہے۔