کراچی : پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید کو 51 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید کو 51 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فضائیہ کی جانب سے بہادرسپوت،اعلیٰ ترین فوجی اعزازنشان حیدرپانےوالےکمسن ترین پائلٹ آفیسرراشدمنہاس شہید سے متعلق دستاویزی فلم جاری کی۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ 17 فروری 1951 کو پیدا ہونے والے راشد منہاس نے 14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51 ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جس کے بعد انہیں آپریشنل کنورژن کورس کیلئے ماڑی پور(مسرور)میں واقع نمبر2اسکواڈرن میں تعینات کیاگیا۔
پاک فضائیہ کے مطابق 20اگست 1971 کے دن راشد منہاس کی قربانی سے ایک ناقابل فراموش داستان رقم ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ اس دن راشد منہاس نے اپنے انسٹرکٹرپائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کےناپاک عزائم کوخاک میں ملا دیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انسٹرکٹرنے ان کے ٹی33 تربیتی طیارےکو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش کی لیکن راشد منہاس نے جہاز کا کنٹرول واپس لینے کی بھرپور جدوجہد کی اور ملکی سرحد عبور کرنے سے پہلے جہاز کو زمین بوس کردیا۔
ترجمان نے کہا کہ بہادر سپوت نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقارپرآنچ تک نہیں آنے دی، راشد منہاس کی عظیم قربانی اورناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزازنشان حیدر عطا کیا۔