اسلام آباد: پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر کی طرف جانے والے راستے کی سیکیورٹی سخت کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے گھر کی طرف جانے والے راستے کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے خاردار تاریں لگا کر راستہ بند کردیا ہے جبکہ ایف سی کی نفری بھی موجود ہے، عمران خان چوک کی لائٹس بھی بند کردی گئی ہیں۔
پولیس کی جانب سے سیکورٹی سخت کرنے کی اطلاع پر پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنان بھی عمران خان چوک پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف انسداددہشت گردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کو ڈرایا دھمکایا آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دی عمران خان نے تقریر میں کہا تمہارے اوپر کیس کرنا ہے مجسٹریٹ صاحبہ آپ تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ایکشن لیں گے آپ سب کو شرم آنی چاہیے۔