کراچی : اے آر وائی نیوز کی بندش کے خاتمے کے لئے پی ایف یو جے نے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی بندش کے خاتمے اور صحافیوں کے معاشی قتل روکنے کیلئے پی ایف یو جے
نے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صدرپی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ 23 اگست کو ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا اور ملک بھر کے پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔
افضل بٹ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں مظاہرے بھی کئے جائیں گے ، چیئرمین پیمراکہتےہیں کہ اےآروائی نیوز کو ہم نے بندنہیں کیا، کیبل آپریٹرز24اگست کوعدالت میں موجودہوں گے، دیکھتے ہیں عدالت میں پیمرا کیبل آپریٹرز کو چینل کھولنے کا کہتا ہے یا نہیں۔
انھوں نے کہا کہ 24اگست کے بعد یکجہتی مارچ لے کر اےآروائی کراچی کے دفترجائیں گے ، ایک رات گزارنے کے بعد پھر ہم سندھ کی جانب نکلیں گے۔
صدرپی ایف یو جے کا کہنا تھا کہ اےآروائی نیوزکوبحال نہ کیا گیا تو ورکرزیکجہتی مارچ اگست کے آخر میں ہوگا، اےآروائی ورکرزسےیکجہتی مارچ کا کراچی سے آغاز کیا جائے گا۔
افضل بٹ نے مزید بتایا کہ کراچی کے بعد یکجہتی مارچ سندھ بلوچستان سے ہوتا ہوا پنجاب میں داخل ہوگا ،کے پی، آزاد کشمیر اور جی بی کے صحافی بھی اس مارچ کاحصہ بن جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ یکجہتی مارچ اسلام آبادمیں پیمرا دفتر کے سامنے دھرنا میں تبدیل کر دیا جائے گا اور یہ دھرنا اے آر وائی کو پرانے نمبروں پر بحالی تک جاری رہے گا۔