اسلام آباد: ترکی کے سات اور متحدہ عرب امارات کے تین فوجی طیارے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق مصیبت کی گھڑی میں عالمی برادری پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دوست ممالک کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترکی کے سات اور متحدہ عرب امارات کے تین فوجی طیارے امدادی سامان لیکرپاکستان پہنچ گئے جبکہ چین سے دو طیارے تین ہزار خیمے لیکرآج کراچی پہنچیں گے۔
جاپان سے ترپالیں اورپناہ گاہیں بھی آج آئیں گی جبکہ آسٹریلیا نے ہنگامی طور پردو ملین ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں : متحدہ عرب امارات کا امدادی سامان سے بھرے 20 جہاز پاکستان بھیجنے کا اعلان
برطانیہ نے 1.5 ملین پاوٴنڈ دینے کا وعدہ کیا ہے جبکہ ذربائیجان نے 2 ملین امریکی ڈالر کا اعلان کیا ہے ، طیاروں کے ذریعے خیمے، ادویات اور کھانے پینے کی اشیالائی گئی ہیں۔
گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے یواے ای حکام کا رابطہ ہوا تھا، جس میں یو اے ای نے امدادی سامان سے بھرے 20 جہاز پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا ، امدادی سامان ملک بھرکےسیلاب متاثرین کو فراہم کیا جائے گا۔