لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹی 20 سیریز کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع ہوگی، کراچی میں شیڈول میچز کے ٹکٹ کی قیمت 250 سے 1500 روپے ہوگی، جبکہ لاہور میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 3000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی 20 میچز کی سیریز 20 ستمبر سے شروع ہوگی، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف کراچی میں شیڈول پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں جمع کروانے کا اعلان کررکھا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔