جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

عمران خان خطرناک ضرور ہیں، لیکن قومی سلامتی کیلیے، مریم اورنگزیب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سچ کہتے ہیں، وہ قومی سلامتی، روزگار اور توشہ خان کے لیے واقعی خطرناک ہیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ عمران خان کے لیے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، اس وقت ملک میں سیاست کی ضرورت نہیں، آج بھی عمران خان بہتان بازی کرتے رہے، آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ کی کوشش ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو راجن پور یا خیبر پختون خوا میں سیلاب زدگان کے پاس جانا چاہیے تھا، 4 سال میں اگرعمران خان کچھ ثابت نہیں کر سکتے تو اب بس کر دینا چاہیے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ فقیر طبیعت کا مالک عمران خان توشہ خانہ میں ڈاکے ڈالتا رہا، عمران خان کو ان کے کرتوتوں نے دیوار کے ساتھ لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیلاب زدگان کو جا کر دیکھیں وہ ان کے منتظر ہیں، سیلاب کے اثرات کو ختم ہونے دیں پھر سیاست کریں گے، عمران خان اب الزامات لگانے کا سلسلہ ترک کر دیں، ان سے کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا، آج عوام کو ہماری ضرورت ہے۔

نیوز کانفرنس میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، سیلاب زدہ علاقوں کی صورتِ حال دیکھنے کے بعد نیند نہیں آتی، سیلاب سے 1200 کے قریب افراد جاں بحق اور 4 ہزار زخمی ہوئے، وزیراعظم نے سندھ کے لیے 15 ارب روپے کی گرانٹ جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کے لیے 10، 10 ارب کی گرانٹ دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے، طلبہ کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج دیا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں