دبئی: ایشیا کپ میں سپرفور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی اوپنرز نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اپنا کر اپنے عزائم کا اظہار کیا اور بولرز پر دباو بڑھا دیا۔ روہت شرما اور کےایل راہول پر مشتمل جوڑی نے 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار ویرات کوہلی ایک اینڈ پر ڈٹ گئے اور وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر نصف سنچری بنائی۔
کوہلی 60 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کےایل راہول اور روہت شرما نے 28، 28، سوریا کماریادیو 13، ریشبھا پنٹ 14، پانڈیا صفر، ہودا 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بھارت نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 181 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، محمد حسنین، حارث روف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا، کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور چوتھے اوور میں 14 رنز بنا کر بشنوئی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد گزشتہ میچ میں ففٹی کرنے والے فخر زمان بیٹنگ کیلئے آئے تاہم وہ آؤٹ آف فارم لگے اور 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز اور محمد رضوان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں نے مل کر بھارتی بولرز کی خوب دھلائی کی، دونوں کے درمیان 41 گیندوں پر 73 رنز کی شراکت قائم کی، محمد نواز 20 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 71 رنز بنائے۔
محمد رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد خوشدل شاہ اور آصف علی نے 16 گیندوں پر 33 رنز کی شراکت قائم کرکے قومی ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے، آصف علی 8 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو جیت کیلئے دو رنز درکار تھے اس موقع پر افتخار احمد نے چوکا لگا کر قومی ٹیم کو جیت دلادی۔
بھارت کی جانب سے روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، یزویندر چاہل اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انجری مسائل سے دوچار دونوں ٹیموں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ انجرڈ شاہنواز دھانی کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کو گرین شرٹس میں شامل کیا گیا ہے جب کہ بھارتی ٹیم میں 3 تبدیلیا کی گئی ہیں۔
ٹاس کے موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ مومنٹم ساتھ ہےاچھاکھیل پیش کریں گے ڈیو فیکٹر کو دیکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرمان نے کہا کہ ہر میچ نیا میچ ہوتا ہے اس میچ کی اہمیت بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔