لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کی حکومت عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، عمران خان 24گھنٹوں میں لاکھوں کے جلسے کر رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اکانومی تباہ ہے کوئی ان کو پیسے دینے کے لیے تیار نہیں ہے ، نواز شریف کا حکومت کا حصہ نہ بننا درست تھا۔
سابق وزیر نے کہا کہ عمران خان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائیں ، میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ ستمبرستمگر ہے، پندرہ اکتوبرتک نتائج آجائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سارے کیسز ختم ہوچکے ہیں ، نیب سے جوکیس انہوں نے ختم کرائے وہ بھی سپریم کورٹ میں لگے ہیں۔
شیخ رشید نے وزراء کی تعداد کو چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا وزرا کی تعدادآئینی طریقہ کار سے زیادہ ہے، حکومت کا الٹر ساونڈ ہو چکا ہے، ایکسرے رپورٹ بھی ہر گھر پہنچ چکی ہے۔