کراچی : مختلف برادرممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ترکمانستان، متحدہ عرب امارات کے خصوصی طیارے امداد لے کر کراچی پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترکمانستان سے خصوصی طیارہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گیا، ترکمانستان کے سفیر، وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اورپاک فوج کے افسران نے سامان وصول کیا۔ امدادی سامان میں خیمے ،کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے تیسرا خصوصی طیارہ امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گیا، سندھ کے مشیر رسول بخش چانڈیو اور اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے امدادی سامان وصول کیا، امدادی سامان این ڈی ایم اے حکام کے حوالے کردیا گیا۔
پانچ جہازوں کے ذریعے اماراتی حکومت اور اماراتی ہلال احمر کی طرف سے اقوام متحدہ کے مشن برائے مہاجرین کے تعاون سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے۔
یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کے مرحلے میں یو اے ای پاکستان کے ساتھ ہے، سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کی ترسیل کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اماراتی قوم مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیررسول بخش چانڈیو نے یو اے ای کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔
رسول بخش چانڈیو نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے تہہ دل سے شکرگزارہیں، متحدہ عرب امارات کی طرف سے امدادی سامان میں خوراک، ادویات اور خیمے شامل ہیں۔