ایپل کمپنی نے آگاہ کیا ہے کہ فوری پیغام رسانی پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ کچھ پرانے آئی فون ڈیوائسز پر مزید کام نہیں کرے گا۔
موبائل فون کی دنیا میں فوری رابطوں کیلیے واٹس ایپ مقبول ترین پلیٹ فارم ہے جس سے دنیا بھر کے کروڑوں موبائل فون صارفین مستفید ہوتے ہیں تاہم ایپل فون رکھنے والے صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ آئندہ دو سال بعد کچھ ایسے فونز بھی ہوں گے جن پر واٹس ایپ کام نہیں کرے گا۔
ایک ڈیجیٹل میڈیا نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے جلد ہی نئے آئی فون 14 لائن اپ کی نقاب کشائی کی جائے گی، تاہم اس سے قبل کمپنی کی طرف سے ایک حالیہ اپ ڈیٹ سے سے معلوم ہوا ہے کہ فوری پیغام رسانی کا دنیا بھر میں مقبول ترین پلیٹ فارم ’واٹس ایپ‘ کچھ پرانے آئی فون ڈیوائسز پر مزید کام نہیں کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 سے واٹس ایپ iOS 10 اور iOS 11 ڈیوائسز کو سپورٹ کرنا بند کردے گا۔
اس حوالے سے واٹس ایپ نے بھی آئی فون صارفین کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے کہ جو لوگ iOS 10 یا iOS 11 ڈیوائسز کا استعمال جاری رکھنا چاہتے ہیں وہ اس میسنجنگ ایپ کی بلاتعطل فراہمی کے لیے اپنے آئی فونز کو اپ گریڈ کرلیں۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے اپنے ہیلپ سینٹر کی ویب سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ آئی فون صارفین کے لیے سروس کا استعمال جاری رکھنے کے لیے iOS 12 یا اس سے جدید ورژن ضروری ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ iOS 10 اور iOS 11 ورژن پرانے آپریٹنگ سسٹمز ہیں اور زیادہ تر ایپل فونز میں پہلے سے ہی تازہ ترین اپ گریڈ انسٹال ہوسکتا ہے تو اس صورت میں آئی فون کو اپ ڈیٹ کرنا ہی بہتر آپشن ہوگا۔
دونوں سافٹ ویئر ورژن آئی فونز پر بڑے پیمانے پر استعمال نہیں ہوتے ہیں اس سے صرف دو آئی فون ماڈلز iPhone 5 اور iPhone 5c متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایپل کمپنی 7 ستمبر کو کیپرٹینو میں اپنے 4 نئے ماڈلر آئی فون 14، آئی فون 14 میکس، آئی فون 14 پرو، اور آئی فون 14 پرو میکس متعارف کرانے والا ہے۔