پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے بچے کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پشاور کے 4 سالہ احمد مصطفیٰ سے ملاقات کی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے احمد مصطفیٰ اور اس کے والد سے ملاقات کی اور سعودی سفیر نے 4 سالہ احمد اور اس کے والدین کو عمرے کی ادائیگی کیلئے بھیجنے کا اعلان کیا۔
سعودی سفارتخانے کے مطابق بچے کے والد نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے ہر آزمائش میں ساتھ کھڑے رہنے پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
#اسلام آباد #پاکستان میں #خادم_حرمین_شریفین کےسفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے آج چار سالہ بچے احمد مصطفی اور اس کے والد سے ملاقات کی۔جس نے عمرہ کی غرض سے اپنی جمع شدہ رقم پاکستان میں حالیہ طوفانی بارش اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پیش کی تھی۔ pic.twitter.com/eP55IUZEoD
— السفارة في باكستان – سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) September 5, 2022
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں 4 سالہ بچہ سیلاب زدگان کیلئے اپنی جمع کی گئی ساری رقم امدادی کیمپ جمع کراتا ہے۔
جمع پونجی کے خرچ کے حوالے سے پوچھنے پر بچہ بتاتا ہے کہ یہ رقم عمرے کیلئے جمع کر رہا تھا۔
پشاور کے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی اور اب سعودی سفارتخانے نے بچے کو والد کے ہمراہ مہمان بنایا ہے۔