منگل, جنوری 28, 2025
اشتہار

امارات کا گولڈن اقامہ: کون سے افراد اہل ہوں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات غیر ملکیوں کو گولڈن اقامہ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، گولڈن اقامہ 10 برس کے لیے جاری کیا جائے گا۔

اماراتی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کو گولڈن اقامہ جاری کررہا ہے۔

یہ اقامہ امارات میں سکونت، روزگار، سرمایہ کاری اور تعلیم کے خواہش مند ان غیرملکیوں کو بھی دیا جارہا ہے جو اسپانسر یا میزبان کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن اقامہ سرمایہ کاروں، نئے کاروبار، خداداد صلاحیت کے مالک افراد، سائنسدانوں، ماہرین، ممتاز طلبہ اور ڈاکٹروں کو دیا جارہا ہے۔

امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن اقامہ کی درخواست ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔ وفاقی اتھارٹی برائے قومی شناخت و قومیت و کسٹم و پورٹس سیکیورٹی کو گولڈن اقامہ ویزے کی درخواست دینا ہوگی۔

گولڈن اقامہ پرمٹ کے لیے سرمایہ کار دبئی کے محکمہ اقامہ و غیر ملکی امور جبکہ انجینیئرنگ اور سائنس کے ماہرین محکمہ اقامہ و غیر ملکی امور سے رجوع کر سکتے ہیں۔

فن و ثقافت کے تخلیق کار اور خداداد صلاحیت کے مالک افراد وزارت ثقافت و نوجوان سے رجوع کریں۔

امارات ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر گولڈن اقامہ ویزا ابو ظہبی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ یا الفجیرہ ریاستوں میں سے کسی ایک سے حاصل کرنا چاہتے ہوں تو وہ وفاقی اتھارٹی برائے قومی شناخت و شہریت و کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی سے رابطہ کریں۔

اماراتی ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ گولڈن ویزا سسٹم کے تحت کئی مراعات دی جا رہی ہیں، 6 ماہ کے لیے ملٹی پل ویزا جاری ہوتا ہے جس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔ یہ ویزا امارات کے باہر موجود ان غیر ملکیوں کو جاری کیا جاتا ہے جو گولڈن اقامہ کی کارروائی مکمل کروانے کے لیے امارات آنے کے خواہشمند ہوں۔

گولڈن اقامہ 10 برس کے لیے جاری ہوتا ہے، اس میں توسیع کی گنجائش ہے اور اسپانسر یا میزبان کی شرط نہیں ہوتی۔

گولڈن اقامہ ہولڈر کے اہل و عیال کو بھی اقامہ جاری کیا جاتا ہے، اس کے لیے یہ پابندی نہیں ہوتی کہ 6 ماہ سے زائد مدت امارات سے باہر نہیں رہ سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں