اسلام آباد : اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں مزید بارش متوقع ہے ، جس سے حالات کے بدترین ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ مہینوں میں مزید بارشیں ہونےکی توقع ہے، جس سے سیلاب متاثرین کی حالات مزید خراب ہوسکتی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ مون سون کی ریکارڈ بارشوں اور شمال میں گلیشیر پگھلنے سے آنے والے سیلاب نے 33 ملین افراد کو متاثر کیا اور کم از کم 1,325 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 466 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ تقریباً 636,940 بے گھر افراد کو خیمہ بستیوں میں رکھا گیا ہے، پانی مکانات، سڑکیں، ریل اور ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو بہا لے گیا اور ساتھ کھڑی اور ذخیرہ شدہ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نو سے گیارہ ستمبر تک تین روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔
دورے کے موقع پر انتونیو گوتیریس وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور پی ڈی ایم کی زیر قیادت اتحادی حکومت کے دیگر رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔