بالی ووڈ اداکار ریتھک روشن اور سیف علی خان کی فلم وکرم ویدھا کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل فلم ‘وکرم ویدھا’ کا ٹیزر 24 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا جس میں میں دونوں اسٹارز کا زبردست ایکشن اوتار نظر آرہا ہے۔
فلم کی ہدایتکاری پشکر اور گائتری نے کی ہیں یہ تمل فلم وکرم ویدھا کا ہندی ریمیک ہے۔
ٹریلر میں ریتھک روشن کے ایکشن کو دکھایا گیا ہے جبکہ سیف علی خان کو دشمنوں سے مقابلہ کرتے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر کے ایک سین میں کہا جاتا ہے کہ ’ہر کہانی کے دو پہلو ہوتے ہیں اچھائی اور برائی لیکن اس کہانی میں سچ اور جھوٹ دونوں ہی غلط ہیں۔‘
اس سے قبل ریتھک نے فلم کے سیٹ سے شاندار تصاویر بھی شیئر کی تھیں جبکہ فلم میں رادھیکا آپٹے سیف علی خان کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی۔
ڈھائی منٹ کے ٹریلر میں ریتھک روشن کا خطرناک انداز دیکھنے کو مل رہا ہے تو وہیں سیف علی خان پولیس افسر کے سنجیدہ کردار میں نظر آرہے ہیں۔
رادھیکا آپٹے ایک وکیل کے کردار میں نظر آئیں گی جو اپنے شوہر سیف کے خلاف ان کے دشمن ( ریتھک روشن) کی جانب سے مقدمہ لڑیں گی۔
ہدایت کار پشکر اور گائتری نے کہا کہ ‘سُپر اسٹارز ریتھک اور سیف کے ساتھ شوٹنگ کرنا ایک شاندار تجربہ رہا ہم نے اسکرپٹ پر بہت محنت کی ہے اور ہم نے جیسا تصور کیا تھا اس کو حاصل کرنے میں ہم کامیاب ہوئے ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘ اب ہم شائقین کو اپنی فلم دکھانے کا مزید انتظار نہیں کرواسکتے ہیں’۔
ریتھک روشن کا کہنا تھا کہ ‘ویدھا کا کردار دوسرے کرداروں سے مختلف ہے کیونکہ مجھے کچھ دوسرا کردار ادا کرنے کی خواہش تھی اور اداکاری کے دوسرے اور حیرت انگیز مرحلے کو بھی جاننا تھا’۔
واضح رہے کہ یہ فلم رواں سال 30 ستمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔