دبئی: بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا تین سالہ انتظار ختم، بالآخر سنچری کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں افغانستان کے خلاف میچ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں پہلی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں 71 ویں سنچری مکمل کی، ویرات کوہلی نے 61 گیندوں نے 122 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
سنچری اسکور کرنے کے بعد ویرات کوہلی کافی خوش دکھائی دیے اور انہوں نے پہلے آسمان کی طرف دیکھا اور اس کے بعد اپنی شادی کی انگوٹھی کو چوما۔
ویرات کوہلی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری سنچری نومبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں اسکور کی تھی، جس کے بعد وہ کسی بھی فارمیٹ میں سنچری کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے اس دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں 83 اننگز کھیلی۔
حالیہ عرصہ میں ان کی سنچری عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ بات کرنے والے پوائنٹس میں سے ایک رہی ہے، اور ہر کوئی ان کی سنچری کے حوالے سے بات کرتا دکھائی دیتا تھا کہ آخر وہ اگلی سنچری کب اسکور کریں گے۔
ویرات کوہلی نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 27، ون ڈے میں 43 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سنچری اسکور کی ہے۔