بیجنگ: امریکا کی جارحانہ پالیسی پر روس اور چین کے درمیان قربتیں بڑھنے لگی ہیں، چینی اور روسی صدور کی ملاقات رواں ہفتے ازبکستان میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے سلسلے میں رواں ہفتے وسطی ایشیا کا دورہ کریں گے، اور بدھ کو ازبکستان پہنچیں گے۔
کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے آغاز کے بعد سے چینی رہنما کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا، چینی صدر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں روس، چین، پاکستان، بھارت کے سربراہ شریک ہوں گے جب کہ ایران اور بیلاروس کو بھی دعوت دیے جانے کا امکان ہے۔
مصر، قطر، سعودی عرب، بحرین، مالدیپ اور دیگر ممالک کو مذاکراتی شراکت دار کا درجہ دینے کا بھی امکان ہے، جب کہ مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔