فیصل آباد : بجلی کی قیمت اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے پاور لومز کی صنعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، لومز مالکان فیکڑیاں بند کرنے پر مجبور ہوگئے۔
لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ مہنگی بجلی ملنے پر فیصل آباد کے لومز مالکان اور ملازمین سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ فی یونٹ 60روپے کی ادائیگی ہمارے لیے ناقابل برداشت ہے۔
اس موقع پر مالکان نے بے روزگار ہونے والے ہزاروں مزدوروں کے ساتھ سڑکوں پر نکل کر احتجاج ریکارڈ کروایا اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے پاور لومز سیکٹر کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس کی وجہ سے مالکان فیکڑیاں بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
پاور لومز مالکان کا کہنا تھا کہ لومز کی پیدواری لاگت سے مالی نقصانات کے بوجھ تلے دبنے والے فیکڑی مالکان لومز بند کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے بڑی تعداد میں وابستہ ملازمین بیروزگار ہو رہے ہیں۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ تمام تر حالات سے حکومتی عہدیداران کو آگاہ کرچکے ہیں کہ بجلی کی موجودہ قیمت پر یہ انڈسٹری مزید نہیں چل سکے گی لیکن ہماری بات کی سنوائی نہیں ہورہی۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، سولہ سولہ گھنٹے کی بجلی کی بندش نے جہاں شہریوں کو پریشان کررکھا ہے وہیں پاور لومز کی صنعت بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور اب تک سینکڑوں مزدور اس طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بے روزگار ہوچکے ہیں۔