لندن : ملکہ الزبتھ دوم کی 19 ستمبر کو ہونے والی آخری رسومات میں شرکت کیلئے پاکستان کی نمائندگی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانوی حکومت کی دعوت پر وزیر اعظم ملکہ برطانیہ آنجہانی الزبتھ دوم کی لندن میں 19 ستمبر کو سرکاری سطح پر آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شہباز شریف کے ساتھ موجود ہیں۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif being received on his arrival in London pic.twitter.com/etmZlBfMB7
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 17, 2022
وزیراعظم آفس کی ٹوئٹ کے مطابق آخری رسومات میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے، یہ اجلاس 20 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کے لیے عالمی رہنما ہفتے سے لندن پہنچنا شروع ہوگئے۔
برطانیہ میں تاریخی 70 برس طویل حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔