کراچی:شہر قائد کےعلاقے چاکیواڑہ میں رینجرز سے مقابلے میں تین ملزمان مارے گئے جبکہ بلدیہ یوسف گوٹھ میں پولیس مقابلےمیں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب حسن اسکوائر میں پولیس وین اور ٹیپو سلطان تھانے کے قریب کریکرحملوں میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
لیاری کےعلاقے چاکیواڑہ میں رینجرز نے خفیہ اطلاع ملنے پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی، جہاں ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی کے دوران سنگین جرائم میں ملوث گینگ وار کے تین ملزمان مارے گئے۔
بلدیہ یوسف گوٹھ میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم سے چھینی گئی گاڑی اوراسلحہ برآمد ہوا جبکہ ایک مغوی کوبھی بازیاب کرالیا گیا۔
دوسری جانب حسن اسکوائر میں پولیس وین اور ٹیپو سلطان تھانے کے قریب کریکر حملوں میں تین اہلکار زخمی ہوگئے، وزیرِاعلی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے۔