آپ نے اکثر اسپتالوں میں ہونے والے حیرت انگیز آپریشنز کے بارے میں سُن رکھا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو ایسے عجیب و غریب آپریشن کے بارے میں بتائیں گے جو ابھی تک آپ کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں پیش آیا، جہاں ایک 35سالہ شہری کو پانچ سال بعد معلوم ہوا کہ اس کی گمشدہ ناک کی بالی کہاں چھپی ہوئی ہے؟
جوائے لائکنس نامی امریکی شہری کو حال ہی میں اس وقت سخت حیرت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب اسے معلوم ہوا کہ 5 برس قبل ایک رات اس کی ناک کی بالی جو بظاہر کہیں گم ہوگئی تھی، دراصل سانس لینے کے دوران جسم کے اندر داخل ہوکر اس کے پھیپھڑوں میں جاکر پھنس گئی تھی۔
جوائے لائکنس چند ہفتے قبل نصف شب کو اچانک تکلیف کے باعث نیند سے بیدار ہوگیا اس دوران اسے سانس لینے میں شدید دشواری پیش آنے کے ساتھ شدید کھانسی بھی ہورہی تھی۔
اس کے مطابق اسے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جیسے کوئی چیز اس کا سانس روک رہی ہے اور شدید کھانسی سے اس کے سینے اور جسم کے پچھلے اوپری حصے میں شدید تکلیف تھی اسے اپنا دم گھٹتا ہوا محسوس ہونے لگا تھا۔
وہ دوسرے روز اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے ساتھ ایکسرے کروایا تو یہ انکشاف ہوا کہ اس کے بائیں پھیپھڑے کے اوپری حصے میں کوئی غیرمعمولی چیز موجود ہے۔
ڈاکٹروں نے اسے اسکین رپورٹ دکھائی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ کوئی چھوٹی سی مڑی ہوئی دھاتی چیز موجود تھی اور پھر اسے پتہ چلا کہ چند سال قبل اس کی ناک کی جو بالی گم ہوئی تھی وہ اس کے پھیپھڑے میں جاکر پھنس گئی ہے۔
اس کے مطابق پہلے تو میں سمجھا ایسا حادثاتی طور پر ہوا لیکن وہ تصور نہیں کرسکتا تھا کہ یہ سانس لینے کے دوران اندر جا کر بائیں پھیپھڑے میں پھنسی۔
بعدازاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی طور پر اس کی سرجری کے لیے اس کا برونکو اسکوپی کیا تاکہ اسے جلد نکالا جاسکے۔