کراچی : ناظم جوکھیو قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح نامہ ہوگیا، جس کے بعد ناظم جوکھیو کے ورثاء نے حلف نامہ عدالت میں جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق ،ناظم جوکھیو کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت میں فریقین کے درمیان صلح نامہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں جمع کروادیا گیا۔
حلف نامہ ناظم جوکھیو کی بیوہ، بچوں اور والدہ کی جانب سے جمع کروایا گیا۔
ورثا نے کہا ہماری ملزمان سے صلح ہوچکی ہے، کیس ختم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
جس پر عدالت نے قانونی ورثا سے متعلق اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے نادرا سے بھی آئندہ سماعت تک رپورٹ طلب کرلی۔
ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونا تھی تاہم سماعت پندرہ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت چھ ملزمان گرفتار ہیں۔
واضح رہے ناظم جوکھیو کو نومبر 2021 میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا، ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ ملیر میمن گوٹھ تھانے میں درج ہے۔