شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک خاتون نے جاب کے لیے ریزیومے کیک پر لکھ کر بھیج دیا، یہ عجیب ریزیومے خاتون کو جاب تو نہ دلا سکا لیکن اس نے انٹرنیٹ پر لوگوں کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک خاتون کارلی پاؤلینیک بلیک برن نے جاب کے لیے نائکی کو ’کیک ریزیومے‘ بھیج دیا، اس تخلیقی کوشش سے انھیں نوکری تو نہیں ملی لیکن لوگوں کے دل جیت لیے۔
عام طور سے نوکری کے متلاشی افراد کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی درخواست یعنی ریزیومے کو بہتر سے بہتر بنائیں۔
لیکن ایک خاتون نے اپنی پسندیدہ کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے ایک عجیب و غریب کام کیا، ملازمت کی درخواست میں مٹھاس بھرنے کے لیے کارلی بلیک برن نے اپنا ریزیومے ایک خوردنی کیک پر پرنٹ کیا، اور پھر اس کا عکس نائکی کو ای میل کر دیا۔
اس بات کا انکشاف لنکڈاِن صارف کارلی بلیک برن نے خود ایک طویل پوسٹ میں کیا، انھوں نے لکھا کہ کچھ ہفتے قبل انھوں نے اپنا ریزیومے ایک کیک پر نائکی کو بھیجا تھا، جی، ایک کھانے کے قابل ریزیومے۔
Sweet pitch: North Carolina job-seeker sends cake with edible resume to Nike https://t.co/GclU6drv2p pic.twitter.com/Pt9WMI4TEp
— New York Post (@nypost) September 26, 2022
خاتون کا کہنا تھا کہ نائکی میں نت نئے آئیڈیاز پر کام شروع کرنے کے لیے ایک ڈویژن قائم ہے، ایک دوست نے مشورہ دیا کہ اس تخلیقی جگہ کے لیے کچھ تخلیقی انداز ہی اپناؤ۔ جس پر انھوں نے اپنا ریزیومے ایک مقامی ڈیلیوری سروس سے کیک پر پرنٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔
جس خاتون نے کیک ڈیلیور کیا تھا، انھوں نے بھی اس آئیڈیا سے متاثر ہونے اور خوشی کا کھل کر اظہار کیا۔ انٹرنیٹ پر لوگوں نے بھی اسے زبردست آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کارلی کی اس کوشش کو بہت سراہا اور دل چسپ تبصرے بھی کیے۔