پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

چھیالیسویں قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا

اشتہار

حیرت انگیز

نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ تمام اقساط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

اسکول سے نکلنے کے بعد فیونا گھر نہیں گئی۔ وہ مزید انتظار نہیں کرسکتی تھی اس لیے سیدھا جبران کے گھر چلی گئی، اسے دراصل اینگس کے گھر پہنچنا تھا۔ جبران بھی اسی وقت گھر پہنچا تھا، اسے دیکھتے ہی فیونا نے کہا: ’’تم تیار ہو۔ چلو انکل کے ہاں چلتے ہیں، میں جلد سے جلد کسی دوسرے ملک جانا چاہتی ہوں۔ ویسے پتا نہیں کہ آج وہ منتر ہمیں کس دیس لے کر جائے گا!‘‘

- Advertisement -

دانیال بولا: ’’میرے خیال میں وہ کوئی سرد مقام ہو سکتا ہے، اس لیے میں تو اونی کوٹ لے کر جاؤں گا۔‘‘

جبران نے اپنی پسند کا اظہار کیا: ’’لیکن مجھے امید ہے اس مرتبہ ہم کسی گرم علاقے میں جائیں گے، مجھے ایسے ہی علاقے پسند ہیں جو گرم ہوں اور وہاں بارش زیادہ نہ ہو۔‘‘

تینوں بے تابی سے اینگس کے گھر کی طرف دوڑتے ہوئے جانے لگے۔
……………………

دوسری طرف مائری مک ایلسٹر بیکری سے نکلنے کے بعد جیسے ہی گھر پہنچی، اور گھر کا دروازہ کھولا، ان کے منھ سے ایک چیخ نکل گئی۔ وہ دوڑ کر اندر گئیں اور گھبراہٹ میں فیونا کو آوازیں دینے لگیں۔ وہ سمجھی تھیں کہ شاید وہ اپنے کمرے میں ہو، لیکن وہاں کوئی نہ تھا اور گھر میں ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی تھی۔ ان کی آنکھیں حیرت اور خوف کے مارے پھٹ رہی تھیں۔ انھوں نے گھبرا کر ٹیلی فون اٹھا کر جبران کے گھر کا نمبر ملا دیا۔ دوسری طرف شاہانہ نے فون اٹھایا۔ ’’ہیلو شاہانہ، کیا مرد حضرات شکار سے واپس آ گئے ہیں؟‘‘ مائری نے لرزتی ہوئی آواز میں پوچھا۔ شاہانہ نے کچھ کہا تو مائری نے کہا: ’’ٹھیک ہے، ذرا جونی کو فون دیجیے گا۔‘‘ یہ کہہ کر انھیں انتظار کرنا پڑا۔

ان کے سامنے گھر کا نقشہ بکھرا پڑا تھا اور ان کے گالوں پر آنسو بہتے جا رہے تھے۔ جونی نے دوسری طرف سے جیسے ہی ہیلو کہا مائری جلدی سے بولیں: ’’جونی کیا آپ فوری طور پر یہاں آ سکتے ہیں؟ یہاں … یہاں خوف ناک بات ہو گئی ہے۔‘‘ یہ کہہ کر انھوں نے ریسیور کریڈل پر رکھ دیا اور وہیں پر گر کر سسکیاں بھرنے لگیں۔ انھیں شدید جذباتی جھٹکا لگا تھا۔ کیوں کہ وہ تصور بھی نہیں کر سکتی تھیں کہ گیل ٹے میں ان کے گھر میں کبھی اس طرح کا واقعہ رو نما ہو سکتا ہے۔

تھوڑی دیر بعد مائری کو دروازہ کھلنے کی آواز سنائی دی، جونی اندر آ گیا۔ مائری اس وقت ایک کونے میں سمٹی بیٹھی ہوئی، خوف زدہ نظروں سے چاروں طرف دیکھ رہی تھیں۔ جونی نے مائری کو سہارا دے کر اٹھایا اور صوفے پر بٹھا دیا، اور ایک کمبل اٹھا کر ان کے گرد لپیٹ کر بولا: ’’اب بتاؤ، کیا ہوا ہے؟‘‘
…………………..

’’کیا وہ واپس آ گئے ہیں؟‘‘ جبران نے پنجوں کے بل کھڑے ہو کر کھڑکی سے دیکھنے کی کوشش کی۔

’’ارے یہ بلیاں باہر کیوں پھر رہی ہیں، انکل تو انھیں کبھی باہر نہیں چھوڑتے۔ چلو اندر چل کر معلوم کرتے ہیں کہ سب ٹھیک تو ہے۔‘‘ فیونا کے لہجے میں حیرت تھی۔

دانیال نے ہینڈل گھمایا اور تینوں اندر داخل ہو گئے۔ ’’یہاں تو مجھے سب ٹھیک دکھائی دے رہا ہے۔ بلیوں کو اندر آنے دو، یہ بے چاری تو بہت بھوکی ہوں گی۔‘‘ فیونا نے مخصوص پیالے پانی اور بلیوں کی خوراک سے بھرنے لگی۔ اینگس دروازے کے پیچھے ہی ایک تھیلے میں ان کی خوراک بھر کر رکھتے تھے۔ پھر فیونا اور جبران بلیاں اندر لے آئے۔

’’وہ ابھی تک نہیں لوٹے۔ ہمیں ان کا انتظار کرنا چاہیے، مجھے یقین ہے وہ جلد پہنچ جائیں گے۔‘‘ فیونا نے کہا۔ وہ تینوں کرسیوں پر بیٹھ گئے، انھیں واقعی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا، دروازہ کھلا اور اینگس اندر داخل ہو گئے۔ تینوں انھیں دیکھتے ہی اچھل کر کھڑے ہو گئے۔ فیونا نے کہا: ’’ہم آپ کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے، ہم دوسرا قیمتی پتھر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

اینگس کے چہرے پر مسکراہٹ دوڑ گئی۔ انھوں نے کندھوں پر رکھا بوجھ اتار کر کہا: ’’ذرا صبر بچو، میں لمبے سفر سے لوٹا ہوں، پہلے کچھ کھانے تو دو۔ پھر سارا سامان کھولوں گا اور پھر دیکھتے ہیں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔‘‘

وہ ان کے قریب ہی ایک کرسی پر بیٹھ گئے، لیکن جھک کر فیونا کے کان میں شرارت سے سرگوشی کی: ’’تو اس بار تم کہاں جانے کا سوچ رہی ہو!‘‘ فیونا نے قہقہہ لگایا اور جواب دیا: ’’ہم تو صرف قیمتی پتھر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ لیکن پھر اچانک فیونا سنجیدہ ہو کر بولی: ’’پتا ہے آپ کو، جب سے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے، یہاں آس پاس کچھ عجیب سی باتیں ہونے لگی ہیں۔‘‘

یہ سن کر اینگس چونک اٹھے: ’’کیا مطلب؟‘‘

’’سب سے پہلی بات… جونی اور جمی تھامسن۔‘‘ فیونا بتانے لگی۔ جبران نے کہا وہ ہمارے مہمان خانے میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ فیونا نے بتایا کہ وہ کچھ عجیب سے لوگ ہیں لیکن ممی کو یقین ہے کہ برے لوگ نہیں ہیں۔

’’اوہو بچو… چھوڑو ان باتوں کو۔ تم لوگ خوامخواہ معمولی بات کا بھتنگڑ بنا رہے ہو۔‘‘ اینگس نے قہقہہ لگایا۔ ’’چلو، سب سے پہلے تمھارا ہی کام کرتے ہیں۔ تم تینوں آتش دان کے پاس کھڑے ہو جاؤ۔ میں جادوئی گولا نکال رہا ہوں۔‘‘ یہ کہہ کر انھوں نے بیگ سے جادوئی گیند نکال کر میز پر رکھ دی، اور فیونا کو مخاطب کیا: ’’میں تمھیں بتانا بھول گیا تھا کہ اب تم آگ پیدا کر سکتی ہو، اور اس کے لیے تمھیں اپنے دماغ میں حکم دینا پڑے گا بس!‘‘

’’واہ زبردست … شکریہ انکل۔ موقع ملا تو میں اس طاقت کو ضرور استعمال کروں گی۔‘‘ فیونا نے خوش اور حیران ہو کر کہا، اور پھر وقت ضایع کیے بغیر جبران اور دانیال کے ہاتھ تھام کر منتر دہرانے لگی … دالث شفشا یم … دالث شفشا یم … اور پھر تینوں اینگس کی آنکھوں کے سامنے سے غائب ہو گئے، انھوں نے مسکرا کر ٹیک لگالی۔

(جاری ہے….)

Comments

اہم ترین

رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں گزشتہ 20 برسوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، ان دنوں اے آر وائی نیوز سے بہ طور سینئر صحافی منسلک ہیں۔

مزید خبریں