کراچی: ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے سالانہ چارجز وصول کرنے والے نجی اسکولوں کو رقم والدین کو واپس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ چارجز وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، والدین کی شکایت پر گلستان جوہر، کراچی میں واقع ایک بڑے نجی اسکول سے وضاحت طلب کر لی گئی۔
نجی اسکول میں سال میں 2 مرتبہ 5 ہزار روپے فی طالب علم سالانہ چارج وصول کیے گئے تھے، ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے رقم فوری والدین کو واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔
ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کے مطابق سندھ پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن رولز 2005 اور سب رولز 7 (4) کی خلاف ورزی کی گئی ہے، مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر سالانہ فیس اور دیگر چارجز وصول نہیں کیے جا سکتے۔
واضح رہے کہ نجی اسکول کے ایئر پورٹ کیمپس میں بھی والدین سے سالانہ اضافی فیسیں وصول کی گئی تھیں، جس پر والدین کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کو شکایت جمع کرائی گئی تھی۔