کراچی: غیر قانونی طریقے سے ترکیہ پہنچنے والے 172 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اس وقت حراستی مراکز میں موجود ہیں۔ یہ افراد مختلف یورپی ممالک پہنچنے کے لیے ترکیہ داخل ہوئے تھے۔
تمام ڈی پورٹ افراد 10 اکتوبر تک مختلف تاریخ میں اسلام آباد پہنچیں گے۔ ڈپٹی قونصل جنرل استنبول نے وزارت خارجہ، ایف آئی اے و دیگر کو خط بھیج دیا۔
خط کے ساتھ ڈی پورٹ افراد کے کوائف پر مبنی فہرست بھی ارسال کی گئی۔ کوائف کی تصدیق سے ان افراد کو ترکیہ میں بلیک لسٹ ہونے سے محفوظ رکھا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کی فراہم کردہ کوائف کو نادرا ریکارڈ سے چیک کیا جائے، کوائف میں غلط بیانی کی صورت میں قونصل خانے کو فوری مطلع کیا جائے، ایف آئی اے و دیگر حکام ڈی پورٹ افراد کا انٹرویو کر کے کارروائی کریں۔
بیرون ملک سے بے دخل ہوکر آنے والوں کیخلاف ایکشن
بیرون ملک سے بے دخل ہو کر آنے والوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایکشن لے لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ایف آئی اے سب انسپکٹر پر مشتمل ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم بیرون ملک سے بے دخل کیے گئے مسافروں کی ایئرپورٹ پر تحقیقات کرے گی، بے دخل ہونے والوں کی سفری دستاویزات اور نادرا سے جانچ پڑتال کی جائے گی، سنگین نوعیت کے الزامات میں ملوث ملزمان کو سیل منتقل کر دیا جائے گا۔