اسلام آباد : الیکشن کمیشن آج حکومت کی ضمنی اور بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرنے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج دو بجےطلب کرلیا، اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری سمیت تینوں صوبوں کے آئی جیز شریک ہوں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری دفاع اور ڈی جی ملٹری آپریشنز کو بھی بلا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حکومت کی 3 ماہ کیلئے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنیکی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا سولہ اکتوبر کو گیارہ نشستوں پرالیکشن ہے اورلاکھوں لوگوں کوپتہ ہی نہیں کہ ووٹ ڈالنے آنا ہے یا الیکشن کمیشن روک دے گا، پہلے بھی دو بار الیکشن عین وقت پر روک دیے گئے تھے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے التوا کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 اور 239 کے ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو ہی ہونگے۔