مداحوں میں خوش مزاجی کے ساتھ گھل ملنے کے لیے مشہور قومی کھلاڑی شاہنواز دھانی نے مداحوں کو آٹوگراف دیتے ہوئے ایک مداح سے ملاقات کے لیے بریانی اور کڑاہی کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو مداحوں کے درمیان گھلتے ملتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ کافی دیر تک مداحوں میں گھرے رہے اور خوش مزاجی کے ساتھ سیلفی بنواتے اور آٹو گراف دیتے رہے۔
یہ ویڈیو نیوزی لینڈ میں پریکٹس سیشن کے دوران کی ہے، جس میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ ایک مداح نے انھیں خود ہی بریانی یاد دلائی، جس پر انھوں نے کہا ’بریانی تو ضروری ہے۔‘
ایک موقع پر انھوں نے کہا ’کل بریانی کھاتے ہیں، بریانی اور کڑاہی بہت پسند ہیں مجھے‘ مداح کے اوکے کرنے پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کل کراؤن پلازہ میں ملتے ہیں۔
شاہنواز نے ایک خاتون مداح سے فون لے کر سیلفی بھی بنائی، اور اس کے بعد جب وہ اس فون سے دوسرے مداحوں کے ساتھ سیلفی بنانے لگے تو خاتون نے کہا کہ یہ فون اس کا ہے دے دیں، اس پر شاہنوز نے مذاق میں فون جیب میں ڈالنے کا اشارہ کیا اور پھر واپس کر دیا۔
وہ کچھ دیر تک مداحوں میں گھرے رہے اور ہنستے، مذاق کرتے ہوئے آٹوگراف دیتے رہے، کئی بچوں کو انھوں نے گلے بھی لگایا۔