اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی نے سودی نظام کے خلاف آواز نہ اٹھانے پر حکومت اور اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
عبدالاکبر چترالی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کی تباہی کی بڑی وجہ سودی نظام ہے، سودی نظام سے ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے خلاف جنگ کے مرتکب ہو رہے ہیں، اللہ اور رسول ﷺ کے خلاف جنگ کر کے ہم کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سودی نظام جاری رکھنے پر متفق ہیں، تحریک انصاف اور حکومت سود سے متعلق ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سودی نظام کے خلاف میرا ایک بل ساڑھے 3 سال سے لٹکا ہوا ہے، شرعی عدالت سے سودی نظام سے متعلق فیصلہ آچکا ہے، بینکوں نے سپریم کورٹ میں اپیل اور دباؤ کی وجہ سے بل واپس لینے کا کہا تھا، 2 ماہ بعد بھی بینکوں نے اپیل واپس نہیں لی۔
اپنے خطاب میں عبدالاکبر چترالی نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر متعلقہ کمیٹی میں بھیجا جائے۔