کراچی : محکمہ صحت سندھ نے طبی عملے کے لئے ہیلتھ رسک الاؤنس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، کوویڈ 19 کے دوران ہیلتھ رسک الاؤنس منظورکیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے ہیلتھ رسک الاؤنس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، محکمہ صحت سندھ کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے
محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ 19 کے دوران محکمہ صحت نے صحت عامہ کے شعبوں لیبارٹریز اور سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے طبی عملے کیلئے ہیلتھ رسک الاؤنس منظورکیا تھا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ہیلتھ رسک الاؤنس کی مد میں اب کسی بھی قسم کی رقم جاری نہ کی جائے۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے احکامات کے بعد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے نوٹیفکیشن ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر محبوب کا کہنا ہے کہ ہیلتھ رسک الاونس کا تعلق کوویڈ 19 سے نہیں ہے، ہیلتھ رسک الاونس کوویڈ19 سے پہلے بھی فراہم کیا جاتا تھا۔
ڈاکٹر محبوب نے کہا کہ محکمہ صحت نے کوویڈ کی صورتحال کنٹرول ہوجانے کے بعد بلاجواز ہیلتھ رسک الاونس بند کیا ہے۔