ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ اور سابق مس ورلڈ اروشی روٹیلا نے سوشل میڈیا پر تنقید سے تنگ آ کر خود کو بھارت کی ’مہسا امینی‘ قرار دے دیا۔
مہسا امینی ایران سے تعلق رکھنے والی لڑکی ہیں جو کچھ روز قبل مبینہ طور پر اسکارف نہ پہننے پر پولیس حراست میں چل بسیں تھیں۔ لڑکی کی ہلاکت کے خلاف ایران بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
اروشی روٹیلا نے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ خاصی اداس لگ رہی ہیں۔
اداکارہ نے اس کے کیپشن میں لکھا ہے کہ پہلے ایران میں مہسا امینی کے ساتھ اور اب بھارت میں میرے ساتھ ایسا سکوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے لکھا: ’لوگ مجھ پر دوسروں کا تعاقب کرنے والی خاتون کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ اس مشکل میں مجھے کسی کی کوئی سپورٹ حاصل نہیں۔ ایک مضبوط خاتون دل کی گہرائیوں سے محسوس اور شدت سے محبت کرتی ہے۔ اس کے آنسو اس کی ہنسی کی طرح بہہ جاتے ہیں۔ وہ ایک ہی وقت میں نرم ہے اور طاقتور بھی۔ خاتون دنیا کے لیے ایک تحفہ ہے۔‘
View this post on Instagram
سوشل میڈیا صارفین اروشی روٹیلا پر بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کے تعاقب میں آسٹریلیا جانے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
پچھلے ماہ اروشی اور رشبھ کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ ہوئی تھی جس کے بعد اداکارہ نے کرکٹر سے معافی مانگی تھی۔
اس کے علاوہ اروشی روٹیلا نے پاکستان بالر نسیم شاہ کی ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی جس کے بعد ان پر نسیم شاہ کی محبت میں گرفتار ہو جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔