لندن : برطانیہ کے عوام کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے توانائی کے اخراجات میں کمی کے لیے ایئر فرائیرز سلو کوکرز کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں۔
انگلینڈ میں توانائی کے بحران کی صورتحال کے بعد برطانوی عوام تیل و گیس کی قلت کے پیش نظر روزمرہ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے متبادل طریقے اختیار کررہے ہیں۔
اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں کھانا بنانے کیلئے ایئر فرائیرز اور سلو کوکرز کا استعمال زور پکڑ رہا ہے۔
لندن کی مقامی سپر مارکیٹ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ برطانوی شہری توانائی کی بچت کرنے والی مصنوعات جیسے ایئر فرائیرز اور سلو کوکرز کی خریداری میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر فرائیرز کی فروخت میں رواں سال 320 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ سلو کوکرز کی فروخت دگنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہے، یہ دونوں مصنوعات عام طور پر روایتی اوون کے مقابلے میں کم توانائی استعمال کرتی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سینٹر فار اکنامکس اینڈ بزنس ریسرچ (سی ای بی آر) کے اعداد و شمارکے مطابق برطانیہ میں شہریوں کی آمدنی و اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اس کی اصل وجہ یوٹیلیٹی بلوں میں ہوشربا اضافہ ہے کیونکہ گیس کی قیمتوں میں95.7 فیصد اور بجلی کی قیمتوں میں 54 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے عوام مہنگائی کی شرح 10 فیصد تک پہنچنے کے ساتھ اخراجات پرقابو پانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں اور انہیں سال2023 میں مہنگائی کے سخت دباؤ کے امکان کا بھی سامنا ہے۔