بھارت میں ایک شخص کو آن لائن لیپ ٹاپ منگوانا مہنگا پڑ گیا جب ڈبے میں سے لیپ ٹاپ کی جگہ پتھر اور کچرا نکل آیا، دیوالی کے موقع پر دی جانے والی ڈسکاؤنٹ میں درجنوں شہریوں کے ساتھ ایسے ہی واقعات پیش آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر منگلور میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے آن لائن اسٹور کمپنی فلپ کارٹ سے لیپ ٹاپ منگوایا۔
بھارت میں دیوالی کے موقع پر مختلف آؤٹ لیٹس نے بڑی رعایت کا اعلان کیا تھا اور اسی کا فائدہ اٹھا کر اس شخص نے لیپ ٹاپ خریدا تھا۔
تاہم جب ڈیلیوری گھر پہنچی تو ڈبہ کھولنے کے بعد اس شخص پر حیرت اور صدمے کا پہاڑ ٹوٹ پڑا کیونکہ ڈبے میں لیپ ٹاپ کی جگہ ایک بڑا سا پتھر اور کچھ ناکارہ ای کچرا پڑا ہوا تھا۔
Ordered for laptop and recived a big stone and E-waste ! During Diwali sale on Flipkart!@VicPranav @geekyranjit @ChinmayDhumal @GyanTherapy @Dhananjay_Tech @technolobeYT @AmreliaRuhez @munchyzmunch @naman_nan @C4ETech @r3dash @gizmoddict @KaroulSahil @yabhishekhd @C4EAsh pic.twitter.com/XKZVMVd4HK
— Chinmaya Ramana (@Chinmaya_ramana) October 23, 2022
مذکورہ شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیا اور مختلف صحافیوں، نیوز چینلز اور فلپ کارٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے موصول ہونے والے سامان کی تصاویر پوسٹ کردیں۔
The product video pic.twitter.com/Lbv2INZsjk
— Chinmaya Ramana (@Chinmaya_ramana) October 23, 2022
مذکورہ شخص کے ٹویٹس فوراً ہی وائرل ہوگئے اور لوگوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔
خوش قسمتی سے جلد ہی فلپ کارٹ نے ان ٹویٹس کا جواب دیا اور مذکورہ شخص سے رابطہ کر کے اسے اس کی رقم واپس بھجوائی جس کے بعد اس کی جان میں جان آئی۔
آن لائن شاپنگ میں اس طرح دھوکا دہی کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، ایک بار ریاست کرناٹک کے ہی ایک رہائشی کو ڈرون کیمرہ آرڈر کرنے پر آلوؤں سے بھرا ہوا بیگ موصول ہوگیا تھا۔