بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا شمار دنیا کے بہترین بیٹر میں ہوتا ہے ان کے مداح ناصرف بھارت بلکہ پاکستان میں موجود ہیں۔
آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، ویرات نے پاکستان کے خلاف 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ نیدرلینڈز کے خلاف بھی کوہلی نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔
ویرات کے ایک پاکستانی مداح نعیم جن کا تعلق بلوچستان سے ہے انہوں نے ویرات کوہلی سے اپنی محبت کا اظہار انوکھے انداز میں کرتے ہوئے ریت پر ان کی تصویر بنادی۔
وائرل تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مداح کی جانب سے گڈانی کے ساحل پر ویرات کوہلی کا دیوہیکل مجسمہ بنا کر ان سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔
ویرات کوہلی کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے مداح کے خوبصورت آرٹ کی تعریف کی جارہی ہے۔