نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ روینہ ٹنڈن بھی آخر کار ان رویوں اور سلوک پر بول اٹھی ہیں، جو بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکاراؤں کے ساتھ روا رکھا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روینہ ٹنڈن نے گزشتہ روز اپنی 48 ویں سال گرہ منائی، انھوں نے گھر پر اپنے قریبی احباب کے ساتھ کئی کیک کاٹے، روینہ نے انسٹاگرام پر اس کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
دریں اثنا، ایک انٹرویو میں روینہ ٹنڈن نے اپنے دل کا درد بھی ظاہر کر دیا، اور کہا کہ مشہور باپ (فلم ساز روی ٹنڈن) کی بیٹی ہونے کے باوجود فلم انڈسٹری میں ٹکے رہنا بہت مشکل ثابت ہوا، لوگوں نے مجھے دفن کرنے اور توڑنے کی کوشش کی، اور مجھے ٹھکرا دیا۔
روینہ نے کہا کہ اس کے باوجود میں لڑتی رہی، اور ہار نہیں مانی اگرچہ یہ بالکل بھی آسان نہیں تھا۔
انھوں نے کہا انڈسٹری کے بارے میں مجھے یہ بات پریشان کرتی ہے کہ ایک حقیقی باصلاحیت شخص کو کبھی بھی آسانی سے اپنے آپ کو ثابت کرنے کا موقع نہیں ملتا۔
روینہ ٹنڈن نے کہا میں اس گندی سیاست کی تعریف نہیں کرتی جو اس صنعت میں برسوں سے چل رہی ہے، اپنے 30 سالہ طویل کیریئر میں، میں نے بہت سے لوگوں کو آگے بڑھنے کے لیے جدوجہد کرتے دیکھا، کچھ کامیاب ہو جاتے ہیں اور کچھ ناکام، اور یہ دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ روینہ ٹنڈن ایک زمانے میں جوان دلوں کی دھڑکن ہوا کرتی تھیں، فلموں میں انھیں اپنے والد کے نام کی نہیں بلکہ محنت اور ٹیلنٹ کی ضرورت پڑی۔
انھوں نے کہا خواتین اداکاروں کو ہمیشہ سائیڈ رول دیا جاتا تھا، رومانوی حصے کرنے کو کہا جاتا تھا، خواتین کے لیے کوئی دل چسپ اور دلکش کردار نہیں تھے، لیکن اب انڈسٹری بہت بدل چکی ہے، خواتین کو بھی مضبوط کردار ملنے لگے ہیں۔