کراچی: شہر قائد میں واقع ایک نجی اسکول میں بچوں کی نیم بے ہوشی کے واقعے پر اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے جرمانہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع ایک نجی اسکول میں 8 بچوں کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی، ایڈیشنل ڈاٸریکٹر آف پراٸیوٹ اسکولز رفیعہ جاوید کا کہنا ہے کہ اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے جرمانہ کیا جاٸے گا۔
انھوں نے کہا بچے جنریٹر کے دھوئیں سے نیم بے ہوش ہوٸے تھے، اسکول انتظامیہ سے معلوم کیا ہے کہ اب بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
رفیعہ جاوید نے کہا کہ مذکورہ نجی اسکول سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ رجسٹرڈ نہیں ہے، اور یہ ایک کمیونٹی اسکول ہے جس میں غریب بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے، تاہم واقعے کے سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
کراچی کے نجی اسکول میں 8 بچوں کی طبیعت خراب
ادھر بچوں کی ایمرجنسی میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گھنشام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، 3 سے 4 گھنٹوں میں بچوں کو ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ 8 بچے چائلڈ ایمرجنسی میں ہیں، جب کہ 2 بچوں کو سول کی مین ایمرجنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
نیم بے ہوش ہونے والے بچوں میں زین ولد سید 9 سال، حنان ولد اشرف 10 سال، ادریس ولد سلیم 11 سال، زین ولد شیر محمد، دانش ولد خرم، ہاجرہ دختر محمد انیس، آمنہ دختر عمران، اور فاطمہ دختر نامعلوم شامل ہیں۔