جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

عمران خان پر قاتلانہ حملہ : اراکین پنجاب اسمبلی کا بڑا اقدام

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب کے شہر وزیرآباد میں گزشتہ روز حقیقی آزادی مارچ کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

مذکورہ مذمتی قرارداد صوبہ پنجاب کے وزیر راجہ بشارت نے پیش کی، قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر آباد میں 3نومبر کو قاتلانہ اور بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں متعدد رہنما زخمی اور ایک کارکن شہید ہوا ہے، قاتلانہ حملہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

- Advertisement -

ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ عمران خان نے جن لوگوں کے نام لیے ان کیخلاف کارروائی کی جائے، واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

متن میں مزید کہا گیا کہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی مذمت کرتے ہیں، جاں بحق کارکن کے خاندان سے اظہار ہمدردی اور مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔

قرارداد میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا اور حملہ آور کو روکنے والے کارکن کی بہادری کو سلام پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کی آفت، مشکل اور ناگہانی صورتحال سے محفوظ رکھے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو صحت کاملہ عطا کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرآباد سے گزرتے ہوئے اللہ ہو چوک کے مقام پر پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ معظم نامی ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں