اسلام آباد : تحریک انصاف نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
احتجاج کی جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور عہدیداران کو ذمہ داریاں بھی تفویض کردی گئیں ہیں۔
مقامی قیادت اوراراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی قیادت میں شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر بھرپوراحتجاج کیا جائے گا۔
عمران خان کی کال پرآج4مقامات پربڑے احتجاجی مظاہرےکئےجائیں گے ، پی ٹی آئی کارکنان کچھ دیرمیں فیض آباد کے مقام پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
دوسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ جی ٹی روڈ پر روات کے مقام پر کیا جائے گا جبکہ مری ایکسپریس وے پر سلکھیتر کے مقام پر بھی بڑے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
جی ٹی روڈ ٹیکسلا کے مقام پر بھی بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ، تمام مقامات پر بھرپور احتجاج کیلئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
تحریک انصاف کی قیادت کچھ ہی دیر میں قافلوں کے ہمراہ احتجاج کیلئے نکلے گی۔