ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 75 ہزار سکھوں نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خالصتان کے قیام کے لیے کینیڈا میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہو گئی، ٹورنٹو میں پچھتر ہزار سے زائد افراد نے بھارتی پنجاب کی آزادی کے لیے ووٹ کاسٹ کر دیا۔
سکھ برادری کی کثیر تعداد نے صبح 9 سے شام پانچ بجے تک ووٹ حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ سکھ فار جسٹس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وقت ختم ہونے کی وجہ سے ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ نہیں ڈال سکی، شاید تیسرے ریفرنڈم کا انعقاد بھی کرنا پڑے۔
18 ستمبر کو ٹورنٹو میں ہونے والے خالصتان ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں منتظمین کے مطابق ایک لاکھ سے زائد سکھوں نے ووٹ ڈالا تھا، ملک بھر سے خواتین اور معمر افراد کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے ٹورنٹو پہنچی تھی، تاہم ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے باعث قطار میں لگے ہزاروں سکھ ووٹ نہ ڈال سکے تھے۔
Phase2 Khalistan Referandum. Toronto Canada,Over 70,000 Canadian Sikhs Voted While At 4:30PM 1000’s still in line to vote in Khalistan Referendum. India failed diplomatically to convince Trudeau government. pic.twitter.com/YfU4FSiIVn
— bally singh (@ballysi05740462) November 7, 2022
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سکھوں کی نمائندہ تنظیم سکھس فار جسٹس خالصتان ریفرنڈم مہم کی قیادت کر رہی ہے، جس کا مقصد پنجاب کی بھارت سے علیحدگی اور اسے سکھوں کا علیحدہ وطن قرار دینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سکھس فار جسٹس کے لیڈر پنوں 26 جنوری 2023 کو بھارت میں بھی خالصتان پر ریفرنڈم کا اعلان کر چکے ہیں، انھوں نے سکھ برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ پنجاب میں سکھوں کا وطن بنانے کے لیے خالصتان ریفرنڈم کی حمایت کریں، انھوں نے کہا کہ اگر ہندوستان حقیقی جمہوریت ہے تو اسے ریفرنڈم کے نتائج کو قبول کرنا چاہیے۔