کراچی : گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان اہم ملاقات طے ہوگئی، گورنرسندھ خود وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاق اور صوبےمیں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کےدرمیان اہم ملاقات طے ہوگئی ، گورنرسندھ خود وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں شام5بجےہوگی، ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال ،اہم امور پر گفتگو ہوگی اور ساتھ ہی گھوٹکی میں ہونے والے واقعے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ گورنر سندھ وزیر اعلیٰ کے سامنے ایم کیو ایم کے تحفظات بھی رکھیں گے اور ایم کیو ایم معاہدے پر گفتگو کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دوران ملاقات بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم اور 140 اے کے نفاذ کے معاملے پر بھی گفتگو کریں گے اور ایم کیو ایم کے معاہدے پر کتنی پیش رفت ہوئی اس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔