اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئررہنما ماہرقانون لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور بے نظیربھٹو شہید پر حملے میں بہت مماثلت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئررہنما ماہرقانون لطیف کھوسہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اللہ نے بہت بچایا ہے نئی زندگی دی ہے ، عمران خان سمیت پارٹی کےورکرزاور لیڈرز زخمی ہوئے ہیں۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ قاتل نےتواپنی طرف سےعمران خان کومارنےکی پوری کوشش کی ہے، گولی ذراسی اور نیچے لگتی تو پندرہ منٹ میں موت ہوجاتی۔
پیپلز پارٹی کے سینئررہنما نے کہا کہ ہمارے قانون کےمطابق پولیس کے سامنے ملزم کابیان قابل شہادت نہیں، حیران ہوں ملزم اعتراف جرم کرتا ہے اور ویڈیو ریلیز کردی جاتی ہے۔
ماہرقانون کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سےبھی آج ایف آئی آردرج کرنےکا واضح حکم دیاگیا، اس میں کوئی دورائے نہیں کہ سب سے پہلے ایف آئی آر درج ہونی چاہیے تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان پرقاتلانہ حملےکی بےنظیربھٹوشہیدپرحملےسےمماثلت سمجھتاہوں ، عمران خان کی باکس سیکیورٹی مجھے کہیں نظرنہیں آئی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بی بی شہید پر حملے کے بعد جائے وقوعہ کو دھو دیا گیا تھا اور شواہد مٹا دیئے گئے تھے ، اسی طرح عمران خان پر حملے کے بعد بھی شواہد مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔