تازہ ترین

برطانیہ میں تنخواہ دار ملازمین کیلئے خوشخبری

لندن : برطانیہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ملازمین کیلئے اچھی خبر ہے کہ ان کی تنخواہوں میں بڑے اضافے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے کاروباری افراد نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرسکیں۔

اس حوالے سے چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پرسنل اینڈ ڈویلپمنٹ (سی آئی پی ڈی) نے اپنی سہ ماہی سروے رپورٹ میں بتایا ہے کہ کاروباری افراد آنے والے سال کے دوران ملازمین کی بنیادی تنخواہوں کی شرحوں میں اوسطاً 4 فیصد اور نجی شعبے میں 5 فیصد تک اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے سی آئی پی ڈی لیبر مارکیٹ کے ماہر معاشیات جون بوائز نے کہا کہ اس بار تنخواہوں میں سب سے زیادہ اضافے کی توقع ہے جو گزشتہ دس سالوں میں نظر نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں اضافے کے باعث ملازمین کو زیادہ تنخواہوں سے مستفید ہونے کے بجائے تنخواہوں میں کٹوتی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

خبر کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی جانب سے ان اعداو شمار پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے، عہدیداران کو خدشہ ہے کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جو پہلے ہی 40 سال کی بلند ترین سطح 10.1فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

سی آئی پی ڈی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ برطانیہ میں ملازمتوں کی آسامیاں بڑی حد تک موجود ہیں اور تقریباً 70فیصد کاروباری افراد آئندہ سہ ماہی میں مزید ملازمین بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سرکاری شعبوں میں 80فیصد، رضاکارانہ شعبوں میں74 اور نجی شعبے میں 66 فیصد ملازمین بھرتی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔

کاروباری افراد کی بڑی تعداد نے کہا کہ وہ بہت مشکل سے اپنی افرادی قوت کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ اگلے چھ ماہ میں یہ مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔

Comments

- Advertisement -